لاہور (آن لائن) پنجاب حکومت نے پنجاب پولیس کے لاہور میں تعینات 6 اعلیٰ افسران کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں سول سیکرٹریٹ کے شعبہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے مذکورہ پولیس افسران کو عہدے سے ہٹانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب پولیس نے متوقع تبادلوں کی زد میں آنے والے 6 افسران میں 5افسران ایڈیشنل آئی جی اور ایک افسر ڈی آئی جی کے عہدے پر
تعینات ہے جن کے بارے میں پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسران نے نہ صرف پولیس چیپٹر کا اجلاس منعقد کیاتھا بلکہ سابق آئی جی پولیس پنجاب شعیب دستگیر کو اپنا کمانڈر تسلیم کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ ان افسران میں سے ایڈیشنل آئی جی کے عہدے پر تعینات ایک افسر نے نئے آئی جی پولیس پنجاب کے جونئیر ہونے کی وجہ سے ان کے ماتحت کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے ان افسران کو کھڈے لائن لگانے کے لئے تعیناتیوں کی جگہوں کا چناؤ شروع کردیا۔