اسلام آباد (این این آئی) وفاقی حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کیلئے ایک سال میں ایک ارب روپے کے قرض جاری ہونے کے بعد پروگرام کوتیزکرنیکا فیصلہ اور نوجوانوں کو نئے کاروبارشروع کر نے میں مدد دینے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کامیاب نوجوان پروگرام حکومت کی ترجیح ہے،پروگرام کیلئے جتنا پیسہ چاہیے ہوگا فراہم کریں گے،ایک ارب روپے سے زیادہ قرض دیا چکا ہے، شرح سود کو آدھا کر دیا ہے،اسکیم کو تین بینکوں سے بڑھا کر 21بینکوں تک بڑھایا ہے،ہر اس نوجوان کو کاروبار کیلئے پیسے دیں گے جن کے پاس تجربہ اور ہنر ہے،کورونا وائرس کیلئے رکھےگئے فنڈز اسی
کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔ بدھ کو یہاں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے معاون خصوصی امور نوجوان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کورونا کے بعد حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو کاروبار کیلئے زیادہ سرمایہ فراہم کیا جائے،کامیاب نوجوان پروگرام کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو نئے کاروبار شروع کرنے میں مدد دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت تک 2900 لوگوں کو قرض دیئے جا چکے،ایک ارب روپے سے زیادہ قرض دیا جا چکا،اس کو اب بڑے انداز میں چلایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پہلے 50 لاکھ روپے کی حد تھی اب ڈھائی کروڑ روپے تک کیا گیا ہے،شرح سود کو آدھا کر دیا ہے،چھ فیصد شرح سود کو تین فیصد کر دیا اور آٹھ فیصد کو چار فیصد کر دیا،اس اسکیم کو تین بینکوں سے بڑھا کر 21 بینکوں تک بڑھا دیا ہے،پاکستان نے شفاف انداز میں ڈیڑھ کروڑ خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی۔ انہوں نے کہاکہ کامیاب نوجوان پروگرام حکومت کی ترجیح ہے،اس پروگرام کیلئے جتنا پیسہ چاہیے وہ فراہم کریں گے۔