گلگت (ویب ڈیسک) وزیراعظم پاکستان اور جی بی کونسل کے چیئر مین عمران خان نے میر افضل کو گلگت بلتستان کا نگراں وزیر اعلیٰ مقرر کر دیا۔ نجی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی نے منگل کی درمیانی شپ اپنی 5سالہ مدت مکمل کر لی۔محکمہ قانون اورپراسیکیوشن گلگت بلتستان کے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان گورننس ریفارمز2019کے
آرٹیکل فائیو 56کے تحت23جون کی رات کوگلگت بلتستان اسمبلی اپنی 5سالہ مدت پوری کرکے تحلیل ہوگئی۔خیال رہے کہ اس ریفارمز کو جی بی (انتخابات اور نگراں حکومت) ترمیمی آرڈر 2020 کے ذریعے پاکستان کے صدر کی جانب سے جی بی میں لاگو/بڑھایا گیا تھا۔جی بی کونسل سیکریٹرٹ کی جانب سے منگل کو جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ حکومت گلگت بلتستان کے آرڈر 2018 کے آرٹیکل 48 اے (2) کے مطابق گلگت بلتستان کونسل کے چیئرمین نے موجودہ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ اور سبکدوش ہونے والی گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے کشمیر اموت اور گلگت بلتستان کی مشاورت سے میر افضل کو گلگت بلتستان کا نگراں وزیراعلیٰ منتخب کیا جاتا ہے۔ضلع استور کے بنجی علاقے سے تعلق رکھنے والے میر افضل، ڈپٹی انسپیکٹر جنرل پولیس کے طور پر ریٹائرڈ ہوئے ہیں۔سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلیٰ آج (بدھ) کو اسلام آباد میں عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ڈاکٹرحسن، ایڈووکیٹ یاسین، سید شبیہ حسنین، عارف اسلم اور ناصر
زمانی بھی نگران کابینہ میں شامل ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق نگران وزیراعلیٰ اور ان کی کابینہ کے ارکان کو وزارت امورکشمیر میں بلایا جائے گا اور یہ ارکان کل اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں 5 سال مسلم لیگ (ن) کی حکومت رہی ہے اور حافظ حفیظ الرحمان وزیراعلیٰ رہے ہیں۔ گلگت بلتستان میں انتخابات ستمبر میں شیڈول ہیں۔